جشنِ آزادی میں ایک روز باقی، ملک بھر میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار

جشنِ آزادی میں ایک روز باقی، ملک بھر میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار
کیپشن: جشنِ آزادی میں ایک روز باقی، ملک بھر میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار

ویب ڈیسک: جشنِ آزادی میں صرف ایک روز باقی رہ گیا، ملک بھر میں جشنِ آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ گلیوں، بازاروں اور اہم عمارتوں پر قومی پرچموں کی بہار نظر آنے لگی۔

14 اگست پاکستان کا یومِ آزادی ہے اور ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی شہری یہ دن بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منانے کے لیے تیاریاں کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس سمیت ملک بھر کی اہم سرکاری عمارتوں کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجا دیا گیا ہے، جبکہ گھروں اور عمارتوں کی چھتوں پر سبز ہلالی پرچم لہرا رہے ہیں۔ 

جشنِ آزادی کے لیے لگائے گئے عارضی بازاروں میں بھی گہما گہمی عروج پر ہے۔ بڑوں کے ساتھ بچے بھی بڑی تعداد میں خریداری کے لیے بازاروں کا رخ کر رہے ہیں۔ مختلف اسٹالز پر بڑے قومی پرچموں اور جھنڈیوں کے علاوہ بچوں کے لیے ماسک، بیجز، گھڑیاں اور سبز و سفید رنگ کی ٹوپیاں دستیاب ہیں۔

کسی شہری کو گاڑی کے لیے قومی پرچم درکار ہے تو کوئی موٹرسائیکل پر جھنڈی لگوا رہا ہے۔ کچھ لوگ گھروں کی سجاوٹ کے لیے بڑے پرچم خرید رہے ہیں جبکہ کئی شہری چھوٹی جھنڈیاں اور دیگر آرائشی اشیا لینے میں مصروف ہیں۔ خواتین اور بچیوں کے لیے سبز ہلالی رنگ کی چوڑیاں بھی خاصی مقبول ہیں۔

یومِ آزادی کی مناسبت سے سبز اور سفید رنگ کے ملبوسات بھی بچوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ بچیاں سبز و سفید فراکس اور جیولری خرید رہی ہیں جبکہ ننھے بچے چاند تارے والی شرٹس اور ٹوپیاں پسند کر رہے ہیں۔

بچوں کا کہنا ہے کہ وہ یومِ آزادی بھرپور جوش و جذبے سے منائیں گے، سبز و سفید لباس پہنیں گے اور دوستوں کے ساتھ جشن کی خوشیاں بانٹیں گے۔

Watch Live Public News