ویب ڈیسک: ربیع الاول 1448 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا، جس میں چاند کی رویت سے متعلق شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد حتمی اعلان کیا جائے گا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں مرکزی کمیٹی کے ارکان کے علاوہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔ وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی، پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ اور سپارکو کے حکام چاند کی رویت سے متعلق فلکیاتی حسابات اور تکنیکی معلومات بھی کمیٹی کے سامنے پیش کریں گے۔
ملک کے مختلف شہروں میں زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوں گے، جہاں چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں جمع کرکے مرکزی کمیٹی کو بھجوائی جائیں گی۔
سپارکو کے فلکیاتی حسابات کے مطابق 13 اگست کو ربیع الاول کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں، جبکہ نئے چاند کی رویت 14 اگست کو متوقع ہے۔ اگر 14 اگست کو چاند نظر آنے کی تصدیق ہوگئی تو یکم ربیع الاول 1448 ہجری ہفتہ 15 اگست کو ہوگا، جبکہ 12 ربیع الاول بدھ 26 اگست کو متوقع ہے۔ تاہم ربیع الاول کے آغاز اور 12 ربیع الاول کی حتمی تاریخ کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔