خیبر پختونخوا کے4 تاریخی مقامات یونیسکو ورلڈ ہیریٹیج ٹینٹیٹو لسٹ میں شامل

خیبر پختونخوا کے4 تاریخی مقامات یونیسکو ورلڈ ہیریٹیج ٹینٹیٹو لسٹ میں شامل

(ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے محکمہ آثارِ قدیمہ و عجائب گھر کی جانب سے صوبے کے چار اہم تاریخی و آثارِ قدیمہ کے مقامات کو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی عارضی فہرست میں شامل کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جن مقامات کو فہرست میں شامل کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے، ان میں ہری پور کا بھامالا، پشاور کا سیٹھی ہاؤس، سوات کا  بزیرا باریکوٹ اور پشاور کا گور کٹھڑی شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت، محکمہ آثارِ قدیمہ و عجائب گھر خیبر پختونخوا، وفاقی محکمہ آثارِ قدیمہ اور یونیسکو پاکستان کے تعاون سے صوبے کے تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

یونیسکو کی ٹینٹیٹو لسٹ( Tentative List) دراصل ایسے مقامات کی فہرست ہے جنہیں متعلقہ ملک مستقبل میں عالمی ورثے کی حتمی فہرست میں شامل کرانے کے لیے نامزد کرنے پر غور کرتا ہے۔ تاہم عارضی فہرست میں شمولیت کو عالمی ورثے کا حتمی درجہ حاصل ہونا نہیں کہا جا سکتا۔

پاکستان میں اس وقت یونیسکو کے مطابق عالمی ورثے کی حتمی فہرست میں 6 مقامات شامل ہیں، جبکہ عارضی فہرست میں 29 مقامات درج ہیں۔

Watch Live Public News