چوہدری نثارکےبیٹےچوہدری تیمورکی بھی سیاست میں انٹری

چوہدری نثارکےبیٹےچوہدری تیمورکی بھی سیاست میں انٹری

پبلک نیوز: چوہدری نثارعلی خان کے بیٹے چوہدری تیمور نے بھی سیاست میں انٹری دے دی ہے۔ ایک ہفتے میں چوہدری تیمور نے دو جلسوں سے خطاب کیا۔ چوہدری تیمور کا ایک جلسہ جھٹہ ہتھیال اور دوسرا چک بیلی خان میں ہوا۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ والد کی مدد کرنے نکلا ہوں۔ چوہدری نثار اپنے دونوں حلقوں سے الیکشن لڑینگے۔

واضح رہے کہ چودھری نثار علی خان نے عام انتخابات 2018ء میں چار نشستوں سےحصہ لیا جس میں دو نشستیں قومی اسمبلی جبکہ دو صوبائی اسمبلی کی تھیں۔ چودھری نثار علی خان کو قومی اسمبلی کی دو نشستوں این اے 59 اور این اے 63 سے اور صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 12 سے شکست کا سامنا ہوا، جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 10 سے چودھری نثار علی خان کامیاب قرار پائے تھے.

یاد رہےکہ سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کچھ روز قبل ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کئی اہم باتیں کی تھیں ، اس انٹرویو میں انہوں نے ذاتی اور ملکی سیاست پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جلد قومی سیاست کا حصہ بنیں گے اور ایکٹو نظر آئیں گے.

چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کا واحد سیاستدان ہوں جس کو عمران خان نے سٹیج پر چڑھ کردعوت دی۔جب الیکشن اناؤنس ہوں گے تب میں پی ٹی آئی میں شامل ہونے پر غور کروں گا۔ماضی میں‌تلخی بہت زیادہ تھی اس لیے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار نہیں کی، عمران خان نیک نیت اور اچھےلیڈرہیں مگرحکمران بننے کےبعداقدامات بھی کرنےپڑتےہیں جونظرنہیں آرہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان میرے بچپن کے دوست ہیں ، انہوں نے ہمیشہ مجھے بہت عزت دی، میں نے کوئی آپشن بند نہیں کیا.

ان کا کہنا تھا کہ اقتدار مقصد ہوتا تو آج کسی اہم عہدے پر ہوتا، میرا مقصد اقتدار نہیں ہے، موجودہ حکومت ختم ہوگی تو کسی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا سوچوں گا، میں سنسنی خیز بات نہیں کر سکتا ، تمام تر آپشنز موجود ہیں، ساری زندگی فیصلے خود کیے. ان کا کہنا تھا کہ اس بات پر فخر ہے کہ میرا تعلق ایک فوجی خاندان سے ہے، اس کے باوجود جب پارٹی کو کوئی مشکل پیش آئی تو میں نے سٹینڈ لیا.

دھرنے کے دنوں پر بات کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ جب پی ٹی آئی اور طاہر القادری آبپارہ سے آگے آئے تو میں نے استعفیٰ دیدیا تھا جس کا ریکارڈ آج بھی موجود ہے ، لوگ میرے خلاف پروپیگنڈا کرتے ہیں، دھرنے والوں کو ریڈ زون میں داخلے کی اجازت وزیراعظم نواز شریف نے دی.

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری سے سیاسی ان بن رہی لیکن وہ اچھےانسان اور زیرک سیاستدان ہیں۔ ذاتی پسند اور نا پسند سے ہٹ کر ایک سیاسی ورکر کے طور پر میں سمجھتا ہوں کے پیپلز پارٹی اپنی سیاسی کارڈ سہی کھیل رہی ہے ، نوازشریف کے بارےمیں بہت کچھ کہہ سکتا ہوں مگراسوقت نہیں کہوں گا.

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔