ویب ڈیسک: مشرقِ وسطیٰ کا سب سے مہنگا پینٹ ہاؤس دبئی میں تقریباً 3.1 ارب پاکستانی روپے میں فروخت ہو گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ پینٹ ہاؤس دبئی کے مہنگے ترین علاقے بزنس بے میں واقع ایک لگژری رہائشی منصوبے کا حصہ ہے، جس میں مجموعی طور پر 60 منزلیں اور 171 اپارٹمنٹس شامل ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق اس پراجیکٹ میں عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز، جن میں نیمار جونیئر بھی شامل ہیں، پہلے ہی اپارٹمنٹس خرید چکے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ 47 ہزار 200 اسکوائر فٹ پر مشتمل یہ پینٹ ہاؤس 11 ہزار 650 درہم فی مربع فٹ کی قیمت پر فروخت ہوا، جو بزنس بے میں اب تک کی سب سے زیادہ فی مربع فٹ قیمت قرار دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل دبئی کے علاقے پام جمیرہ میں سب سے مہنگا پینٹ ہاؤس فروخت ہونے کا ریکارڈ قائم ہوا تھا، جس کی تعمیر 2027 کی چوتھی سہ ماہی میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔