ویب ڈیسک: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق بعض ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی قیاس آرائیوں پر مبنی خبروں کا نوٹس لے لیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ زیرِ گردش خبریں محض مفروضات پر مبنی ہیں اور ان کا اتھارٹی کے کسی باضابطہ فیصلے یا کارروائی سے کوئی تعلق نہیں۔
اعلامیے کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے کسی بھی قسم کا حساب کتاب صرف وفاقی حکومت کی ہدایات کے تحت اور مقررہ مدت کے اندر ہی کیا جاتا ہے۔
اوگرا نے مزید وضاحت کی ہے کہ قیمتوں سے متعلق کوئی بھی کمپیوٹیشن یا ورکنگ، طے شدہ طریقۂ کار اور قانونی تقاضوں کے مطابق، وفاقی حکومت کی ہدایت پر بروقت جمع کرائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بعض ذرائع سے خبریں سامنے آئی تھیں جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے ابتدائی ورکنگ تیار کر لی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 36 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 85 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔
اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 11 روپے 70 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 10 روپے ایک پیسے فی لیٹر تک کمی کی قیاس آرائیاں بھی سامنے آئی تھیں، تاہم اوگرا نے ان تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔