ویب ڈیسک: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان جمعیت علمائے اسلام کے مطابق گزشتہ رات مولانا عبدالغفور حیدری کو اچانک طبیعت خراب ہونے پر دل کا دورہ پڑا، جس کے فوری بعد انہیں اسلام آباد کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کا علاج جاری ہے اور ڈاکٹرز کی ٹیم مسلسل ان کی نگرانی کر رہی ہے۔
پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمن، صوبائی امیر بلوچستان مولانا عبدالواسع، سینیٹر کامران مرتضیٰ سمیت دیگر رہنماؤں نے اسپتال جا کر ان کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے کارکنان اور چاہنے والوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مولانا عبدالغفور حیدری کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کریں۔