(ویب ڈیسک ) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردی کی کوئی جگہ نہیں ہے، قوم اور افواجِ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف متحد ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا، کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو فتنہ الخوارج کے خلاف انسداد دہشت گردی آپریشنز اور سیکیورٹی صورتحال پر جامعہ بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا بھی شریک ہوئے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جا رہا ہے، پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردی کی کوئی جگہ نہیں، قوم اور افواجِ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف متحد ہیں، دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ جنرل سیدعاصم منیر نے سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو اس کے منطقی انجام تک لے جائیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کی اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر زور دیا۔ تمام سیاسی جماعتوں کا دہشت گردی کے خلاف افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیاسی اور عوامی حمایت ضروری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا کے عوام اور سیاستدان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔