ویب ڈیسک: راولپنڈی کے بحریہ ٹاؤن فیز 7 میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں گیزر سے گیس کے اخراج کے باعث 3 خواتین دم گھٹنے سے جان گنوا بیٹھیں جبکہ ایک خاتون بے ہوش ہوگئیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
روات پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر امتیاز نذیر کے مطابق تمام ہلاک شدگان کی موت فوری گیس لیک کے نتیجے میں ہوئی۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان عثمان گجر نے ابتدائی طور پر کہا کہ دھماکہ ممکنہ طور پر گیس کے اخراج کی وجہ سے ہوا تاہم فرانزک ٹیم واقعے کی نوعیت معلوم کرنے کے لیے جائے وقوع پر پہنچ گئی ہے۔
جاں بحق خواتین کی عمریں 45، 60 اور 70 سال تھیں جبکہ بے ہوش ہونے والی 23 سالہ خاتون کو ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ریسکیو 1122 نے بتایا کہ واقعے کے بعد 2 ایمبولینسز اور 5 ریسکیو اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور فوری سرچ و ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
راولپنڈی کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینیئر صبغت اللہ نے کہا کہ شدید سردی کے پیش نظر گھروں میں ہیٹرز اور اسٹوو کے بڑھتے استعمال کی وجہ سے گیس لیک کے واقعات میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے۔
اعلامیے میں شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ اگر گیس کی بو محسوس ہو تو کسی بھی الیکٹریکل سوئچ کو آن یا آف نہ کریں اور نہ ہی ماچس یا آگ لگائیں، اس کے بجائے گھر کے دروازے اور کھڑکیاں کھول کر وینٹیلیٹ کریں اور تمام رہائشیوں کو محفوظ جگہ منتقل کریں۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ اسلام آباد میں ہونے والے ایک دھماکے کے 2 دن بعد پیش آیا جس میں گیس سلنڈر کے دھماکے کے نتیجے میں نوبیاہتا جوڑے سمیت 8 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے تھے۔ اس دھماکے کی بھی حکومت کی جانب سے تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔