(ویب ڈیسک ) آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے اور علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے علاقے قلات میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔اس دوران بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 4 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد جہنم واصل کیے گئے ۔ہلاک دہشتگرد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے، دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے،غیر ملکی سرپرستی میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیر اعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین:
وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع قلات میں فتنتہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کاروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے آپریشن میں فتنتہ الہندوستان کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں ،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قلات میں بھارتی سپانسرڈدہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی۔محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی قلات میں بروقت اور مؤثر کارروائی قابلِ ستائش ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی جرات اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا ۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے بھارتی سپانسرڈ 4 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ بلوچستان میں فتنہ الخوارج کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز پرعزم ہیں۔