سلمان خان کی زندگی خطرے میں، لارنس بشنوئی کی ایک اور دھمکی

سلمان خان کی زندگی خطرے میں، لارنس بشنوئی کی ایک اور دھمکی
مشہور پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث گینگ لیڈر لارنس بشنوئی نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو ایک اور دھمکی دیدی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی پولیس کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ لارنس بشنوئی نے دھمکی دی ہے کہ وہ کبھی بھی سلمان خان کو معاف نہیں کریں گے کیونکہ انہوں نے ہماری برادری میں متبرک سمجھے جانے والے کالے ہرن کا شکار کیا تھا۔ تاہم صرف ایک صورت میں سلمان خان کو میں اور میری برادری معاف کر سکتے ہیں اگر وہ میڈیا پر آکر اپنے اس عمل کی معافی مانگیں۔ دہلی پولیس نے کہا ہے کہ لارنس بشنوئی نے کہا ہے کہ سلمان خان کے کیس کے معاملے میں عدالت کیا فیصلہ کرتی ہے، ہمیں اس سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ ہم صرف یہ جانتے ہیں کہ بالی ووڈ اداکار نے ہمارے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ یہ انکشافات لارنس بشنوئی نے تفتیش کے دوران کئے ہیں۔ اس نے پولیس سے کہا کہ اگر سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان سرعام معافی مانگیں تو ان کی جان بخشی ہو سکتی ہے۔ وگرنہ ہمیں جب بھی موقع ملا ہم دونوں کو قتل کر دیں گے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل لارنس بشنوئی کی جانب سے سلمان خان کو ایک دھمکی آمیز خط میں کہا گیا تھا کہ سدھو موسے والا کے بعد اب ان کی باری ہے۔ یہ خط ملنے کے بعد پولیس نے سلمان خان اور ان کی فیملی کی سیکیورٹی بڑھا دی ہے۔ دوران تفتیش پولیس کو چونکا دینے والی خبر ملی تھی کہ سلمان خان کو قتل کرنے کیلئے ایک شوٹر کو سپاری دیدی گئی ہے لیکن سیکیورٹی سخت ہونے کی وجہ سے وہ اپنے اس مذموم مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکا تھا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔