امریکی سفیرڈونلڈ بلوم کی وزارت داخلہ آمد، محسن نقوی کا خیرمقدم

امریکی سفیرڈونلڈ بلوم کی وزارت داخلہ آمد، محسن نقوی کا خیرمقدم
کیپشن: Arrival of American Ambassador Donald Bloom, Ministry of Interior, welcome of Mohsin Naqvi

ویب ڈیسک: امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم کی وزارت داخلہ آمد پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا خیر مقدم کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی اہم ملاقات ہوئی جس میں پاک امریکا تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں انسداد دہشتگردی، انسداد منشیات اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

محسن نقوی نے ملاقات کے دوران کہا کہ باہمی اشتراک سے اکتوبر میں لا انفورسمنٹ ڈائیلاگ کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں امریکی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں وزارت داخلہ بھرپور معاونت کرے گی۔

محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ حالیہ دورہ نیویارک میں اسلام آباد پولیس اور نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے درمیان تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی ہے، اس کے علاوہ  باہمی تعاون کے مواقع سے استفادہ کرنے کے لیے اسلام آباد پولیس کا وفد جلد نیویارک کا دورہ کرے گا، اسلام آباد پولیس کے افسران نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ سے ٹریننگ کے خواہشمند ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں مقیم تمام اقلیتوں کو آئین پاکستان کے تحت مساوی حقوق حاصل ہیں جبکہ اقلیتوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ جڑانوالہ سانحہ کے تمام ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ امریکا میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا انعقاد کامیاب رہا، بہترین انتظامات کئے گئے جبکہ امریکا بین الاقوامی کرکٹ کی نئی منزل بنا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان، امریکا اور کینیڈا کی سہ ملکی سیریز اور امریکا اور کینیڈا میں ایک کرکٹ لیگ کے انعقاد پر کام کر رہے ہیں۔

دوسری جانب امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ شائقین کی بڑی تعداد دلچسپ اور سنسنسی خیز میچوں سے محظوظ ہوئی۔

واضح رہے کہ وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Watch Live Public News