بریکنگ نیوز:صنم جاوید رہائی کے بعدایک بارپھر گرفتار

بریکنگ نیوز:صنم جاوید رہائی کے بعدایک بارپھر گرفتار
کیپشن: بریکنگ نیوز:صنم جاوید رہائی کے بعدایک بارپھر گرفتار

ویب ڈیسک: پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کو رہائی کے بعد ایک بار پھر اسلام آباد پولیس نے گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں صنم جاوید کو سنٹرل جیل سے رہائی کے بعد ایک بار پھر گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ صنم جاوید کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کیا،اسلام آباد پولیس صنم جاوید کو لے کر روانہ ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز  لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کو گوجرانوالہ کے مقدمے میں فوری طور پر جیل سے رہا کرنے کا حکم دیدیا تھا،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اسجد جاوید گھرال کی سربراہی میں 2  رکنی بنچ نے صنم جاوید کی گوجرانوالہ کے مقدمے میں گرفتاری کیخلاف درخواست پر 14 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا تھا۔

عدالتی فیصلے میں لکھا گیا تھاکہ تفتیشی افسران کی جانب سے درخواست گزار کو بار بار ایک ہی نوعیت کے مقدمے میں نامزد کرنا بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے،درخواست گزار کو رہائی کے بعد بار بار گرفتار کرنے کا مقصد عدالتی نظام کو شکست دینا ہے۔

عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا تھاکہ ڈپٹی کمشنر لاہور اور گوجرانوالہ نے جیل میں ہونے کے باوجود درخواست گزار کے نظر بندی کے احکامات جاری کیے، ڈپٹی کمشنرز کے کردار سخت کارروائی کا کہتے ہیں لیکن عدالت بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئی کارروائی نہیں کر رہی۔

فیصلے میں لکھا گیا تھاکہ عدالت امید کرتی ہے ڈپٹی کمشنرز آئندہ مایوس نہیں کریں گے، جسمانی ریمانڈ دینے والی عدالتوں کو بھی ریمانڈ دیتے ہوئے آئین میں دئیے گئے بنیادی حقوق کو سامنے رکھنا چاہیے۔

لاہور ہائیکورٹ نے فیصلے کی کاپی جوڈیشل افسران ،آئی جی پنجاب اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو بھیجنے کی ہدایت کردی تھی۔

عدالت نے فیصلے میں لکھا تھاکہ تفتیشی افسر کے پاس درخواست گزار کو مقدمے میں نامزد کرنے کے کوئی شواہد موجود نہیں، درخواست گزار کیخلاف گواجرنوالہ میں مقدمہ بدنیتی کی بنیاد پر درج کیا گیا، درخواست گزار کو مقدمے سے فوری طور پر ڈسچارج کیا جاتا ہے۔

تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا تھا کہ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے بیان دیا کہ صنم جاوید کے خلاف مزید کو ئی مقدمہ درج نہیں ہے، صنم جاوید کو فوری جیل سے رہا کیا جائے۔

Watch Live Public News