(ویب ڈیسک ) سعودی عرب میں عید الفطر اور عید الاضحیٰ کی سرکاری تعطیلات میں ترمیم کی منظوری دیدی گئی۔
سعودی حکومت نے عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کی سرکاری تعطیلات سے متعلق پالیسی میں اہم ترمیم کی منظوری دے دی ہے۔
سرکاری جریدے ’’ام القریٰ‘‘ کے مطابق سعودی کابینہ نے سابقہ فیصلے میں ترمیم کرتے ہوئے عید کی تعطیلات کی مدت کو واضح کر دیا ہے۔
نئی ترمیم کے تحت، سرکاری اداروں اور سول سروس سسٹم کے تحت کام کرنے والے ملازمین کو دونوں عیدوں پر کم از کم 4 اور زیادہ سے زیادہ 5 ورکنگ ڈیز کی تعطیلات دی جائیں گی۔
تاہم، ترمیم میں یہ بھی وضاحت کی گئی ہے کہ یہ ضابطہ ان ملازمین پر لاگو نہیں ہوگا جو ایسے اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں جہاں مخصوص قواعد و ضوابط کے تحت معاہدے کیے گئے ہوں، جیسا کہ وزارتوں یا معاون وزارتوں کے ایجنڈوں کے تحت کام کرنے والے افراد۔
ایسے معاہدے والے ملازمین پر بھی وہی 4 سے 5 دن کی چھٹیوں کا اصول لاگو ہوگا، البتہ ادارے کے سربراہ کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ اگر ضرورت ہو تو 5 دن سے زائد تعطیلات کو ریموٹ ورک میں تبدیل کر دیا جائے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں عید کی تعطیلات ہر سال ملکی حالات اور تقویم کے مطابق متعین کی جاتی ہیں، تاہم اب اس ترمیم کے بعد ان کی ایک واضح حد مقرر کر دی گئی ہے۔