ویب ڈیسک:دنیا کی مشہور میسیجنگ ایپ واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب گروپس میں وائس چیٹس کے ذریعے براہ راست گفتگو ممکن ہوگی۔
اس نئے فیچر کی مدد سے صارفین اب گروپ کے تمام افراد کو کال کیے بغیر براہ راست وائس چیٹ شروع کر سکیں گے۔ یہ فیچر خاص طور پر اُن مواقع پر مفید ہوگا جب گروپ میں اہم فیصلے کرنے ہوں یا کوئی فوری مشورہ درکار ہو۔
واٹس ایپ کے مطابق اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارف کو گروپ چیٹ میں نیچے کی طرف سوائپ کر کے ہولڈ کرنا ہوگا، جس کے بعد وائس چیٹ خود بخود شروع ہو جائے گی۔
اس دوران گروپ کے دیگر افراد کو کال کی گھنٹی نہیں جائے گی بلکہ وہ اپنی سہولت سے چیٹ میں شامل ہو سکیں گے۔
یہ اپ ڈیٹ صارفین کو زیادہ باہمی رابطے کی سہولت دے گی اور واٹس ایپ کو دیگر کمیونیکیشن ایپس جیسے ڈسکارڈ اور ٹیلیگرام کے مزید قریب لے آئے گی۔
فی الحال یہ فیچر کچھ صارفین کے لیے دستیاب ہے اور جلد ہی دنیا بھر میں متعارف کرایا جائے گا۔