(ویب ڈیسک ) امام خمینی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کا پرتپاک استقبال کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے۔ امام خمینی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کا پرتپاک استقبال کیا۔
ایران کی وزارت داخلہ کے اعلی حکام ، ایران میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو، قونصلر آفتاب بٹ اور سفارتی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایرانی ہم منصب سے ملاقات کی۔جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک ایران تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وزیر داخلہ نے کہا کہ اپنے بھائی کو ایران آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ یقینا آپ کا دورہ پاک ایران تعلقات کے فروغ میں معاون ثابت ہو گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایران ہمارا برادر ہمسایہ ملک ہے۔ دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔ امید ہے کہ پاک ، ایران اور عراق سہ ملکی کانفرنس سے زائرین کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کل تہران میں انتہائی مصروف دن گزاریں گے ۔ وزیرداخلہ محسن نقوی زائرین اور بارڈر ایشوز پر کل تہران میں منعقدہ سہ ملکی کانفرنس میں شرکت کریں گے، سہ ملکی کانفرنس میں ایران اور عراق کے وزرائے داخلہ بھی شریک ہوں گے۔ زائرین ، بارڈر اور دیگر متعلقہ مسائل کے حل کیلئے پاکستان کی درخواست پر سہ ملکی کانفرنس کا انعقاد ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقات کریں گے۔