ویب ڈیسک: امریکا اور ایران کے درمیان جاری فوجی کشیدگی اور ایک دوسرے پر حملوں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 3 فیصد سے زائد بڑھ گئی ہیں۔ برینٹ خام تیل کی قیمت میں 3.75 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 78.86 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
اسی طرح امریکی خام تیل (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں 3.65 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی قیمت 74.02 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔ ادھر مربان خام تیل بھی مہنگا ہو گیا اور اس کی قیمت بڑھ کر 73.25 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل سے متعلق خدشات کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر دباؤ برقرار ہے۔
یاد رہے کہ امریکا نے حالیہ دنوں ایران پر فضائی حملوں کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق تازہ امریکی حملوں میں جنوبی اور مغربی ایران کے متعدد علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں قشم، سرک، بندرعباس، جسک، بوشہر، خندب، مہشہر، آبادان اور خرمشہر شامل ہیں۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ان حملوں میں ایک سیکیورٹی گارڈ ہلاک جبکہ چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔