(ویب ڈیسک)ٹیکنالوجی کمپنی ایپل آئندہ سال نئے آئی پیڈ پرو کے ساتھ ایپل پینسل کے دو نئے ماڈلز متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔
بلومبرگ کے معروف صحافی مارک گورمین کی رپورٹ کے مطابق کمپنی ایک کم قیمت یو ایس بی-سی ایپل پینسل اور ایپل پینسل پرو کے جدید ورژن پر کام کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک ماڈل عام صارفین کے لیے تیار کیا جا رہا ہے، جس میں یو ایس بی-سی پورٹ شامل ہوگا، جبکہ دوسرا ماڈل ایپل پینسل پرو کا زیادہ جدید اور بہتر ورژن ہوگا۔
مارک گورمین کا کہنا ہے کہ ایپل یورپی یونین کے نئے قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی مصنوعات میں ایسی تبدیلیاں کر رہا ہے، جن کے تحت ڈیوائسز کی بیٹری کو زیادہ آسانی سے تبدیل کیا جا سکے۔
اسی تناظر میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نئی ایپل پینسلز میں جدید بیٹری سسٹم متعارف کرایا جائے گا، جس سے صارفین کو قابلِ تبدیلی (Replaceable) بیٹری کی سہولت بھی مل سکتی ہے۔ تاہم کمپنی کی جانب سے اس حوالے سے ابھی تک کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
فی الحال یہ بھی واضح نہیں کہ نئے ماڈلز کے ڈیزائن یا دیگر فیچرز میں کیا تبدیلیاں کی جائیں گی۔ یاد رہے کہ یو ایس بی-سی ایپل پینسل نومبر 2023 میں متعارف کرائی گئی تھی، جبکہ ایپل پینسل پرو کو مئی 2024 میں پیش کیا گیا تھا۔