سابقہ اہلیہ بشریٰ کی عامر لیاقت کیلئے دعا

سابقہ اہلیہ بشریٰ کی عامر لیاقت کیلئے دعا
بشریٰ اقبال نے عامر لیاقت کیلئے مسجدِ نبویﷺ میں دعا کی ویڈیو شیئر کر دی. ٹی وی کی میزبان بشریٰ اقبال نے اپنے سابق شوہر عامر لیاقت حسین کے لیے مسجدِ نبوی ﷺ میں خصوصی دعا کی ویڈیو شیئر کر دی ہے۔ بشریٰ اقبال نے ویڈیو اینڈ شیرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی کہ جس میں عامر لیاقت کے دیرینہ دوست مسجد نبویﷺ میں موجود ہیں اور مرحوم عامر لیاقت کی مغفرت کے لیے دُعا کر رہے ہیں۔
دعا کے دوران وہ کہتے ہیں کہ ’عامر لیاقت حسین کیلئے بہت دعا کی ہے، جمعہ کا دن ہے، ان کی تدفین بہت ہی مبارک دن ہوئی، اُن کی خواہش تھی کہ اُن کی تدفین جنت البقیع میں ہو‘. عامر لیاقت حسین کیلئے دعا کرنے والے شخص نے مزیدکہا کہ ’جب سے ان کی موت کا سنا ہے، دل بے حد اداس ہے، عامر لیاقت کو مدینہ منورہ سے بہت لگاؤ تھا'۔ سابقہ اہلیہ بشریٰ اقبال نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’‏یہ دعا عصر کے وقت مسجد نبوی ﷺ سے مجھے میرے ایک بھائی اور عامر کے دیرینہ دوست نے اُس وقت بھیجی جب یہاں ان کی تدفین ہو رہی تھی‘. اُنہوں نے لکھا کہ ’اللّٰہ پاک اس دعا کو عامر لیاقت کے حق میں قبول فرماۓ، آمین‘۔ خیال رہے کہ عامر لیاقت حسین کا انتقال 9 جون بروز جمعرات کو ہوا اور ان کی تدفین 10 جون کو عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں ہوئی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔