ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ بیٹر بابر اعظم نے آسٹریلیا کی مشہور فرنچائز سڈنی سکسرز سے بگ بیش لیگ (BBL) کے 15ویں ایڈیشن کے لیے باقاعدہ معاہدہ کر لیا ہے۔
بابر اعظم پورے سیزن کے لیے سکسرز کو دستیاب ہوں گے، اور یہ ان کا بی بی ایل میں پہلا مکمل سیزن ہو گا۔
" سڈنی سکسرز جیسی ٹیم کا حصہ بننا اعزاز ہے" — بابراعظم
معاہدے کے بعد اپنے بیان میں بابر اعظم نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ سڈنی سکسرز جیسی کامیاب ٹیم کا حصہ بننا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ بی بی ایل میں ڈیبیو کا شدت سے منتظر ہوں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اسٹیو اسمتھ اور جوش ہیزل وُڈ جیسے عالمی معیار کے کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔
سکسرز انتظامیہ کا خیر مقدم
سڈنی سکسرز کی جنرل منیجر ریچل ہائنز نے بابر اعظم کا ٹیم میں خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ “بابر اعظم عالمی معیار کے بلے باز اور ثابت شدہ لیڈر ہیں۔ ان کی شمولیت ٹیم کے لیے زبردست اثاثہ ثابت ہو گی۔ ہمیں یقین ہے کہ سکسرز کے شائقین انہیں اپنی ٹیم کی جرسی میں دیکھ کر بے حد خوش ہوں گے۔”
تجربہ اور کارکردگی
بابر اعظم اس سے قبل پی ایس ایل، ٹی ٹین لیگ، آئی سی سی ایونٹس اور کاؤنٹی کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔ وہ بین الاقوامی سطح پر تمام فارمیٹس میں 12,000 سے زائد رنز بنا چکے ہیں اور دنیا کے بہترین ٹی ٹوئنٹی بیٹرز میں شمار ہوتے ہیں۔