ویب ڈیسک: ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں میزبان انگلینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دی بلکہ ٹورنامنٹ کی تاریخ کا سب سے بڑے ہدف کا نیا ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، تاہم میزبان ٹیم نے اس فیصلے کو غلط ثابت کرتے ہوئے دھواں دار آغاز کیا۔ انگلش اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے 135 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔
انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 219 رنز اسکور کیے، جو ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔
First game of England's home #T20WorldCup and Danni Wyatt-Hodge writes the headlines with a century ????
— ICC (@ICC) June 12, 2026
Watch the tournament opener LIVE, broadcast details here https://t.co/niBjzecZZW pic.twitter.com/QCYuNfRoaG
ڈینی ویاٹ ہوج نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے ناقابل شکست 105 رنز بنائے، جبکہ کپتان نتالی اسکیور برنٹ 46 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔ ایمی جونز نے بھی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 53 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
220 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم انگلش بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور 132 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ نیلاکشیکا سلوا 39 اور ہرشیتھا سماراوکرما 29 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے فریا کیمپ نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ چارلی ڈین اور صوفی ایکلی اسٹون نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ لورین بیل اور لنزے اسمتھ کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سب سے بڑےہدف کا سابقہ ریکارڈ بھی انگلینڈ ہی کے پاس تھا، جو اس نے 2023 میں پاکستان کے خلاف قائم کیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انگلینڈ کے سوا اب تک کوئی اور ٹیم ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 200 رنز کا ہندسہ عبور نہیں کر سکی۔