ویب ڈیسک: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی مفاد میں تمام سیاسی قوتوں کو اختلافات سے بالاتر ہو کر میثاقِ معیشت اور میثاقِ جمہوریت کی جانب پیش قدمی کرنی چاہیے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ سیاست، نظریات اور ترجیحات ہر جماعت کی اپنی ہو سکتی ہیں، تاہم پاکستان کی بقا اور ترقی سب سے مقدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ "پاکستان ہے تو ہم ہیں" اور ملک کے لیے دی جانے والی ہر قربانی قابلِ قدر ہے۔
شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان کی گفتگو کو غور سے سنا اور وہ آج بھی سیاسی قیادت کو مکالمے کی میز پر آنے کی دعوت دیتے ہیں تاکہ قومی مسائل کا حل باہمی مشاورت سے تلاش کیا جا سکے۔
وزیرِ اعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چند روز قبل 22 جوانوں نے وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے افسران اور جوان ملک و قوم کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دیتے ہیں، اس لیے پوری قوم کو ان قربانیوں کا احترام کرنا چاہیے۔
بلوچستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ صوبوں کے وسائل پر ان کا حق تسلیم شدہ حقیقت ہے اور اس معاملے پر کوئی اختلاف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے کا معاہدہ بلوچستان کی قیادت اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد طے پایا، جبکہ اس میں بلوچستان کے عوام کے حصص اور مفادات مکمل طور پر محفوظ رکھے گئے ہیں۔
انہوں نے یاد دلایا کہ 2010 کے این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کا حصہ سو فیصد بڑھایا گیا تھا۔ ان کے بقول یہ کوئی احسان نہیں بلکہ آئینی اور قومی ذمہ داری تھی، تاہم حقائق کے تناظر میں اس کا ذکر ضروری ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا ایک اہم، خوبصورت اور وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، جہاں کے عوام محبِ وطن، غیور اور بہادر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، جن میں کسانوں کو 75 ارب روپے کی لاگت سے سولر پینلز کی فراہمی اور گوادر سے چمن تک جدید شاہراہ کی تعمیر شامل ہے، جسے ہائی وے معیار کے مطابق بنایا جا رہا ہے۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت بلوچستان سمیت تمام صوبوں کی متوازن ترقی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔