ویب ڈیسک: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے روز میزبان امریکا نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیراگوائے کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 1-4 سے شکست دے دی۔
صوفی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں امریکی ٹیم نے آغاز ہی سے جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور پہلے ہاف کے اختتام تک 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ میزبان ٹیم نے پورے میچ کے دوران کھیل پر مکمل کنٹرول برقرار رکھا اور پیراگوائے کو مؤثر واپسی کا موقع نہ دیا۔
میچ کا رخ اس وقت مزید امریکا کے حق میں ہو گیا جب پیراگوائے کے بوبادیلا نے غلطی سے اپنی ہی ٹیم کے خلاف گول کر دیا۔ اس کے بعد فارورڈ بالوگن نے صرف 20 منٹ کے اندر دو گول اسکور کر کے جنوبی امریکی ٹیم کی واپسی کی امیدیں تقریباً ختم کر دیں۔
پیراگوائے کی جانب سے 73ویں منٹ میں موریسیو نے ایک گول کر کے خسارہ کم کرنے کی کوشش کی، تاہم امریکا کے گوانی رینا نے میچ کے اختتامی لمحات میں شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح پر مہر ثبت کر دی اور اسکور 4-1 کر دیا۔
امریکی کھلاڑیوں نے بھرپور جوش، توانائی اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا، جبکہ پیراگوائے کی ٹیم دفاعی اور جارحانہ دونوں شعبوں میں مشکلات کا شکار نظر آئی۔
دوسری جانب ٹورنٹو میں کھیلا گیا کینیڈا اور بوسنیا کا مقابلہ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-1 سے برابر رہا۔ بوسنیا نے 21ویں منٹ میں یوولوکیچ کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، تاہم کینیڈا کے کائل لورین نے 78ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو شکست سے بچا لیا۔
ورلڈ کپ کے ان مقابلوں سے قبل شائقین کے لیے رنگارنگ افتتاحی تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا۔ لاس اینجلس میں منعقد ہونے والی تقریب ایونٹ کی تیسری افتتاحی تقریب تھی، جبکہ اس سے قبل میکسیکو اور کینیڈا میں بھی شاندار افتتاحی تقریبات منعقد کی جا چکی ہیں۔