ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی کوششیں اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں اور فریقین کسی بھی وقت ایک ممکنہ امن معاہدے کو حتمی شکل دے سکتے ہیں۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدے کے امکانات پہلے سے کہیں زیادہ روشن ہیں اور توقع ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اس حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئے گی۔
شہباز شریف کے مطابق پاکستان بھی اس عمل میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور مجوزہ معاہدے پر الیکٹرانک دستخط کی تیاری جاری ہے، جبکہ آئندہ ہفتے تکنیکی سطح پر مزید مذاکرات منعقد کیے جائیں گے تاکہ باقی ماندہ امور کو حتمی شکل دی جا سکے۔
وزیراعظم نے مذاکراتی عمل میں مثبت کردار ادا کرنے پر امریکا اور ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے تنازع کے حل کے لیے سنجیدگی اور مستقل مزاجی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے خطے کے برادر ممالک کی حمایت اور تعاون کو بھی سراہا، جنہوں نے سفارتی کوششوں کو کامیاب بنانے میں معاون کردار ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو یہ نہ صرف ایران اور امریکا کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا بلکہ پورے خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی تعاون کے نئے امکانات بھی پیدا کرے گا۔
وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ مجوزہ معاہدہ دیرپا امن کے قیام، باہمی اعتماد کے فروغ اور علاقائی ترقی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔