ویب ڈیسک: آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم اپنی مہم کا آغاز روایتی حریف بھارت کے خلاف ہائی وولٹیج مقابلے سے کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ اہم میچ 14 جون کو برمنگھم کے تاریخی ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے مقابلے ہمیشہ شائقینِ کرکٹ کی خصوصی توجہ کا مرکز ہوتے ہیں، اور ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے مقابلوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے زیرِ اہتمام جاری ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 12 جون سے 5 جولائی تک کھیلا جا رہا ہے۔ ایونٹ کی تاریخ میں پہلی بار 12 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتری ہیں، جس سے مقابلوں کی دلچسپی اور مسابقت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
ٹورنامنٹ کے دوران مجموعی طور پر 33 میچز انگلینڈ کے سات مختلف وینیوز پر کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل 5 جولائی کو کرکٹ کے تاریخی میدان لارڈز میں منعقد ہوگا۔
قومی ویمنز ٹیم بھارت کے خلاف پہلے میچ کے بعد 17 جون کو جنوبی افریقہ، 20 جون کو بنگلادیش، 23 جون کو آسٹریلیا اور 27 جون کو نیدرلینڈز کے خلاف گروپ مرحلے کے اپنے باقی میچز کھیلے گی۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق پاکستان کے لیے بھارت کے خلاف ابتدائی میچ میں مثبت آغاز پورے ٹورنامنٹ میں ٹیم کے اعتماد اور کارکردگی پر اہم اثر ڈال سکتا ہے، جبکہ شائقین کو دونوں روایتی حریفوں کے درمیان ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔