ویب ڈیسک: صدرمملکت اور وزیراعظم نےجعفرایکسپریس آپریشن کامیابی سےمکمل کرنے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے 21 شہریوں اور 4 ایف سی جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا، مؤثر کارروائی میں 33 دہشت گرد جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کی تعریف کی۔
صدر مملکت نے مسافروں کو بازیاب کرانے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا، آصف علی زرداری نے جام شہادت نوش کرنے پر 4 ایف سی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب جعفر ایکسپریس آپریشن پر سکیورٹی فورسزکو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ جوانوں کی مہارت اورسپہ سالار کی قیادت کی بدولت بغیر نقصان آپریشن مکمل ہوا، جعفر ایکسپریس آپریشن انتہائی مہارت کے ساتھ کیا گیا، جوانوں نے بہادری اور دلیری سے33دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
وزیراعظم نے سکیورٹی فورسز کے جوانوں اور مسافروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو نقصان پہنچانے والوں کا دین اسلام اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں، معصوم شہریوں پر حملہ کرنے والوں کو ہر محاذ پر شکست دینے کیلئے پرعزم ہیں۔
محمد شہبازشریف نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔