ویب ڈیسک: اسلحہ لائسنس کی ویری فکیشن کے حوالے سے محکمہ داخلہ نے بڑا فیصلہ کرلیا ہے۔ نادرا کو تمام اسلحہ لائسنسز کی آن لائن ویری فکیشن کیلئے کیو آر کوڈ جاری کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ کیو آر کوڈ کی مدد سے قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر اسلحہ لائسنس کی تصدیق کر سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری داخلہ پنجاب کی زیرِ صدارت اسلحہ لائسنس ویری فیکیشن کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ (جوڈیشل) عمران حسین رانجھا اور نادرا حکام نے شرکت کی۔
سیکرٹری داخلہ نے اسلحہ لائسنسز کیساتھ کیو آر کوڈ لگانے کیلئے نادرا کو ایک ہفتے کا وقت دیدیا۔ نادرا کو تمام اسلحہ لائسنسز متعلقہ شخص کے شناختی کارڈ سے لنک کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ پنجاب بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی اسلحہ لائسنس سے متعلقہ تمام آرڈرز پر کیو آر کوڈ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسلحہ لائسنسز کے تصدیقی عمل میں شفافیت سے جعلی لائیسنسز کی بیخ کنی ہوگی۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سنگین جرائم میں ملوث افراد اسلحہ لائسنس کیلئے نااہل ہیں۔آرمز رولز میں ترامیم کر کے شہریوں کیلئے سہولت پیدا کر رہے ہیں۔انفرادی اسلحہ لائسنس اور بزنس آرمز لائسنس رولز کو عام فہم بنا رہے ہیں۔ اسلحہ لائسنس کی ویری فکیشن کیلئے ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ کا کردار بڑھا رہے ہیں۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ اسلحہ لائسنس کے حصول اور تجدید کیلئے فیسوں کا شیڈول تبدیل کرنے کی سفارش کی ہے۔مینوئل لائسنس کی کمپیوٹرائزیشن کے تمام مراحل کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے اسلحہ لائسنس کے حوالے سے نادرا حکام کیساتھ اجلاس میں اہم فیصلے لیے۔