امریکا نے روسی تیل پر پابندیوں میں عارضی نرمی دے دی

امریکا نے روسی تیل پر پابندیوں میں عارضی نرمی دے دی
کیپشن: امریکا نے روسی تیل پر پابندیوں میں عارضی نرمی دے دی

ویب ڈیسک: امریکی اخبار کے مطابق امریکا نے عارضی طور پر روسی تیل پر عائد پابندیوں میں نرمی کر دی ہے۔

امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے اعلان کیا ہے کہ روسی تیل پر پابندیوں میں دی گئی یہ چھوٹ 11 اپریل تک برقرار رہے گی۔

اس حوالے سے امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسینٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ افسوسناک بات ہے کہ اس اقدام سے روس کو فائدہ ہو سکتا ہے، تاہم روسی تیل پر پابندیوں میں نرمی صرف محدود مدت کے لیے دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی توانائی کے شعبے کی حامی پالیسیوں کے باعث امریکا میں تیل اور گیس کی پیداوار ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے۔

ادھر امریکی ادارے کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے روسی تیل کی سپلائی میں نمایاں اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق روسی تیل کی فراہمی سولہ لاکھ بیرل اضافے کے بعد دو کروڑ سترہ لاکھ بیرل تک پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق چین نے روس سے ایک کروڑ چوبیس لاکھ بیرل تیل خریدا جبکہ بھارت کی خریداری میں دو لاکھ بیرل اضافہ ہوا جس کے بعد یہ چھیاسی لاکھ بیرل تک پہنچ گئی۔

امریکی ادارے کے مطابق ترکیے کی بندرگاہوں پر روسی تیل کی ترسیل سات لاکھ بیرل رہی، جبکہ امریکی چھوٹ ملنے کے بعد بھارتی ساحلوں پر تین کروڑ بیرل روسی تیل پہنچ چکا ہے اور بھارت آئندہ ہفتے مزید پچاس لاکھ بیرل روسی تیل وصول کرنے والا ہے۔

Watch Live Public News