ویب ڈیسک:سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت ختم ہوچکی،پہلے کشمیر اور پھر گلگت بلتستان میں ہماری حکومتیں گرائی گئی، پیشگوئی کررہا ہوں جون اور جولائی میں ان سے ملک سنبھالا نہیں جائے گا، بجٹ میں ٹیکسز، گیس، بجلی کے بلوں میں اضافے پر تنخوادار طبقہ بھی باہر آجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نےکمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے اس پر تشویش ہے،ملک میں جمہوریت ختم ہوچکی،پہلے کشمیر اور پھر گلگت بلتستان میں ہماری حکومتیں گرائی گئی،پہلے گلگت اور اب کشمیر میں لوگ اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہوچکے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ پیشگوئی کررہا ہوں جون اور جولائی میں ان سے ملک سنبھالا نہیں جائے گا، بجٹ میں ٹیکسز، گیس، بجلی کے بلوں میں اضافے پر تنخوادار طبقہ بھی باہر آجائے گا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ ملکی حالات پر آرمی چیف کو خط لکھوں گا،سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں جو 35 ارب روپے آئے اس پر 13 ارب کا منافع بھی بن چکا ہے،دیہات میں پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹی نہیں جاتی،بنجر زمین پر القادر ٹرسٹ یونیورسٹی بنائی جو بچوں کو مفت تعلیم دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے توشہ خانہ سے6 لاکھ روپے میں بلٹ پروف گاڑی خریدی اس کو بری کرنے کا سوچا جا رہا ہے،زرداری نے توشہ خانہ سے تین گاڑیاں لیں وہ عدالت سے استثنی مانگ رہا ہے،حسن شریف نے 18 ارب روپے کی پراپرٹی بیچی اس پر کوئی بات نہیں کر رہا جبکہ مجھ پر توشہ خانہ کا چوتھا کیس چلانے جا رہے ہیں،برطانیہ میں پیسے منی لانڈرنگ نہیں بلکہ مشکوک ٹرانزیکشن کی وجہ سے پکڑے گئے تھے۔
عمران خان نے کہا کہ سول عدالت میں کیس چلتا تو مزید 5 سال تک پیسے پاکستان نہ آسکتے،بیرون ملک عدالتوں میں مختلف کیسوں میں پاکستان کے پہلے ہی 100 ملین ڈالر ضائع ہو چکے،190 ملین پاؤنڈ معاہدہ کو خفیہ رکھنا پراپرٹی ٹائیکون اور نیشنل کرائم ایجنسی کی ڈیمانڈ تھی،190 ملین پاؤنڈ سے متعلق انکوائری نیب میں بند کی جاچکی تھی جو 2 سال بعد دوبارہ کھولی گئی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ نیب چیئرمین، وائس چیئرمین اور پراسیکوٹر جنرل نے استعفیٰ بھی دیا،زرداری اور نواز شریف کی طرح ملک سے باہر نہیں جاؤں گا،انکے تو محلات بیرون ملک ہیں وہاں شاپنگ بھی کرنی ہوتی ہے،پبلک مینڈیٹ کے مطابق حکومت بنانی پڑے گی اس کے بغیر ملک نہیں چل سکتا،ملک کی ٹیکس کولیکشن 13 اعشاریہ 3 ٹریلین ہے،9 اعشاریہ 3 ٹریلین ہم نے قرضوں کے سود کی مد میں ادا کرنے ہوتے،اس طرح سے 24 کروڑ آبادی کا ملک کیسے چلے گا۔
عمران خان نے کہا کہ ملک کی آمدنی میں اضافہ ہو نہیں رہا سرمایہ کاری کیلئے کوئی تیار نہیں، بجٹ سے پہلے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گا تنخواہ دار طبقہ سڑکوں پر ہو گا۔
صحافی نے سوال کیا کہ شہزاد اکبر اور فرح گوگی کو بلائیں آپ کی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے عدالت میں بیان دیں۔
عمران خان نے کہا کہ فرح گوگی سے صرف تین ملاقاتیں ہوئی ہیں اس کا تعلق بشری بی بی سے تھا،ایسے حالات میں شہزاد اکبر آیا تو اس کو ائیرپورٹ سے اٹھا لیا جائے گا،ملک میں جنگل کا قانون ہے، جنگل کا بادشاہ سب کچھ چلا رہا ہے۔
شیرافضل مروت سےمتعلق بات کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ شیر افضل مروت کو کئی مرتبہ سمجھایا پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی نہ کرے،شیر افضل مروت ہر دوسرے دن کسی نہ کسی پارٹی لیڈر پر چڑھائی کر دیتا تھا،سعودی وفد کے دورہ کے موقع پر شیر افضل مروت نے متنازعہ بیان دیا۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ شیر افضل مروت نے پارٹی کے لئے بہت کام کیا لیکن انکو پارٹی پالیسی کی بار بار خلاف ورزی نہیں کرنی چاہیئےتھی۔شیر افضل مروت اب بھی پارٹی پالیسی کے مطابق چلے تو کوئی ایشو نہیں ہے۔
صحافی نے سوال کیا کہ شیر افضل مروت نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان ملاقات کیلئے بلائینگے تو جیل جاؤنگا کیا آپ انکو بلائینگے؟۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان صحافی کے سوال کا جواب دئیے بغیر نکل گئے۔