(ویب ڈیسک ) سعودی عرب کی جانب سے حج 2024 کے دوران اڑنے والی مسافر گاڑیوں کی آزمائش کی جائے گی۔
خیال رہے کہ فی الحال دنیا میں اڑنے والی گاڑیوں کو باضابطہ طور پر متعارف نہیں کرایا گیا تاہم ان کی تیاری پر کام کیا جا رہا ہے۔
اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے سعودی عرب کے وزیر ٹرانسپورٹ صالح بن نصیر الجاسر نے بتایا کہ حج کے دوران اڑنے والی گاڑیوں کی آزمائش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد حج عازمین کو مکہ مکرمہ کے سفر میں سہولت فراہم کرنا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسکے لیے سعودی حکومت اور وولو کاپٹر نامی جرمن کمپنی کے درمیان شراکت داری کی گئی ہے۔جس کی عمودی ٹیک آف اور لینڈ کرنے والی گاڑیاں جدہ کے کنگ عبد العزیز ائیر پورٹ سے عازمین کو مکہ مکرمہ کے ہوٹلوں تک پہنچانے کا کام کریں گی۔اس کے علاوہ ان گاڑیوں کو ایمرجنسی ریسپانس وہیکلز کے طور پر بھی استعمال کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ اڑنے والی گاڑیاں اپنی آزمائشی پروازیں شمال مغرب میں واقع سعودی منصوبے نیوم میں مکمل کریں گی۔
سعودی وزیر نے اس منصوبے کی تصدیق تو کی ہے تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ رواں سال کتنے عازمین حج کو ان گاڑیوں کی آزمائشی پروازوں میں سفر کرنے کا موقع ملے گا۔
ایک اور رپورٹ بھی سامنے آئی ہے کہ حکام کی جانب سے لگ بھگ 100 Lilium ائیر کرافٹ بھی خریدیں جائیں گے جو کہ ائیر ٹیکسیوں کے طور پر استعمال کیے جائیں گے۔ یہ ماحول دوست سواریاں حج آپریشنز کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کی جائیں گی۔