بھارت نے دوبارہ حملے کی کوشش کی تومنہ توڑجواب ملےگا:پرویزالہٰی

بھارت نے دوبارہ حملے کی کوشش کی تومنہ توڑجواب ملےگا:پرویزالہٰی
کیپشن: بھارت نے دوبارہ حملے کی کوشش کی تومنہ توڑجواب ملےگا:پرویزالہٰی

ویب ڈیسک: سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہاہے کہ بھارت دوبارہ حملے کی جرات نہیں کرے گا اگر کی تو دشمن کو منہ توڑ جواب ملے گا۔

تفصیلات کے مطابق اسپشل کورٹ سینٹرل کے باہر پرویز الہی نے میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ  افواج پاکستان کو سلام  پیش کرتا ہوں،پوری قوم  فوج کے ساتھ مل کر لڑی،ہمارے لاکھ آپس میں اختلاف ہوں   دشمن کے مقابلےمیں ایک ہیں۔

چودھری پرویز الہٰی نےبھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا دوبارہ حملے کی جرات نہیں کرے گا، اگر کی تو دوبارہ مار کھائے گا۔

قبل ازیں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی آج ایف آئی اے کی اسپیشل کورٹ سینٹرل میں منی لانڈرنگ کیس میں پیش ہوئے، جہاں انہوں نے حاضری مکمل کروائی اور عدالت میں روسٹرم پر آ کر جج سے مختصر مکالمہ بھی کیا۔

فاضل جج  نے پرویز الہٰی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپکی طبعیت کیسی ہے؟

سابق وزیراعلیٰ پرویز الہیٰ نے کہا کہ جی بہتر ہے۔

 کیس کی سماعت کے دوران پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اس مقدمے میں عبوری چالان 2023 میں جمع کرایا گیا تھا، جبکہ دوبارہ تفتیش کے بعد اب مکمل چالان بھی عدالت میں جمع ہو چکا ہے۔

پراسکیوٹرنے مزید مہلت کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ سماعت پر ضابطہ فوجداری کی دفعہ 265 اور اٹیچمنٹ کی درخواست پر دلائل دیں گے،ہمیں کچھ وقت دیاجائے۔

عدالت نے ریمار کس دیئے کہ ایسا نہیں چلے گا آج آپ کو ٹائم دیا جارہا ہے آئندہ نہیں ملے گا،ابھی تک اس پر عبوری آڈر ہوئے ہیں ۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 28 مئی تک ملتوی کر دی۔

Watch Live Public News