معرکہ مرصوص،  شہدائے وطن کو قوم کا سلام 

معرکہ مرصوص،  شہدائے وطن کو قوم کا سلام 
کیپشن: معرکہ مرصوص/  شہدائے وطن کو قوم کا سلام 

ویب ڈیسک: معرکہ مرصوص کے دوران دشمن کے خلاف سینہ سپر ہو کر جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے بہادر سپوت، حوالدار محمد نوید شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ فیصل آباد میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

تفصیلات  کے مطابق شہید کا تعلق فیصل آباد سے تھا اور وہ معرکہ حق کے دوران مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوئے۔

حوالدار محمد نوید شہید کی نمازِ جنازہ فیصل آباد میں ادا کی گئی، جس میں جنرل آفیسر کمانڈنگ سرگودھا سمیت پاک فوج کے اعلیٰ افسران، جوان، شہید کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، اور علاقہ بھر سے عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شرکاء نے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی عظیم قربانی کو سلام پیش کیا۔ تدفین کے دوران فضا "شہداء کے صدقے پاکستان زندہ باد" کے نعروں سے گونجتی رہی۔

اس موقع پر شہید کے لواحقین نے انتہائی حوصلے اور فخر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا " وطن کی حرمت پر ایک نہیں، اگر 10 بیٹے بھی ہوں تو ہم قربان کر دیں،دشمن سن لے! تم رات کی تاریکی میں وار کرتے ہو، مگر ہماری افواج تمہارے ہر وار کو ناکام بنائیں گی۔ہماری افواج پاکستان سیسہ پلائی دیوار کی مانند دشمن کے سامنے کھڑی ہیں۔عوام اور افواج ایک ہیں، اور ہر جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔"

جنرل آفیسر کمانڈنگ سرگودھا نے شہید کے لواحقین سے ملاقات کر کے تعزیت کی اور حوالدار محمد نوید شہید کی بہادری، قربانی اور فرض شناسی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

Watch Live Public News