ویب ڈیسک: معرکہ "بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص" کے دوران سندھ کی غیور عوام، سیاسی قیادت اور سول انتظامیہ نے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر بھارتی جارحیت کے خلاف بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے قوم اور افواج کے اتحاد کو دشمن کے لیے واضح پیغام قرار دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی ڈرون حملے میں گھوٹکی کے رہائشی مختار شہید ہو گئے، جب کہ جیکب آباد کے عبیداللہ، عباس علی، غلام مجتبیٰ اور شریفہ بی بی زخمی ہوئیں، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا
جی او سی پنوں عاقل گیریژن میجر جنرل شہریار قریشی نے شہید مختار کی قبر پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ ان کی آمد پر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، علاقہ معززین اور سول انتظامیہ نے پرتپاک استقبال کیا۔
شہید مختار کے والد اور اہلِ علاقہ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہیں۔بھارت کو ہمارا پیغام ہے کہ ہم سب شہید مختار بننے کے لیے تیار ہیں۔
جی او سی پنوں عاقل نے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور کہا کہ پاکستانی قوم اور پاک فوج کی والہانہ محبت دشمن کے لیے واضح پیغام ہے کہ آئندہ یہ غلطی نہ دہرائے۔
دوسری جانب بریگیڈ کمانڈر نے جیکب آباد انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی، اس موقع پر فوجی و سول افسران اور علاقہ معززین بھی ہمراہ تھے۔
زخمیوں نے حوصلے اور عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ زخم نہیں، فخر کے وہ پھول ہیں جو بھارت کو ہمیشہ تکلیف دیتے رہیں گے۔
سیاسی تجزیہ کاروں نے کہا کہ سندھ کے عوام نے ثابت کر دیا کہ وہ وطن سے محبت میں کسی سے کم نہیں۔" پاک فوج کے افسران کی لواحقین و زخمیوں سے ملاقات اس بات کا ثبوت ہے کہ قوم اور مسلح افواج یک جان ہیں۔