ویب ڈیسک: پاکستان قومی کرکٹ ٹیم میں بڑی تبدیلیاں دیکھنے میں آرہی ہیں، عاقب جاوید کا عبوری کوچ کا معاہدہ ختم ہونے پی سی بی کو نئے ہیڈکوچ کی تلاش تھی جو کہ ختم ہوگئی، نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر مائیک ہیسن کو پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کا وائٹ بال ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کےچیئرمین محسن نقوی نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ’ ’مجھے نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر اور معروف کوچ مائیک ہیسن کی پاکستان مینز ٹیم کے وائٹ بال ہیڈ کوچ کے طور پر تقرری کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔‘
’مائیک اپنے ساتھ بین الاقوامی تجربہ اور مسابقتی ٹیموں کو تیار کرنے کا ایک ثابت شدہ ٹریک ریکارڈ لے کر آئے ہیں۔ ہم پاکستان کی وائٹ بال کرکٹ کے مستقبل کو تشکیل دینے میں ان کی مہارت اور قیادت کے منتظر ہیں۔‘

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی ویب سائٹ پر باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آج مائیک ہیسن کی پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال ہیڈ کوچ کے طور پر تقرری کا اعلان کیا ہے جو 26 مئی 2025 سے لاگو ہو گی۔‘
دورۂ نیوزی لینڈ کے بعد پاکستان کے وائٹ بال ہیڈ کوچ کا عہدہ خالی تھا جس پر موصول ہونے والی متعدد درخواستوں کی جانچ کے بعد مائیک ہیسن کا انتخاب کیا گیا ہے۔
ہیسن اس سے قبل نیوزی لینڈ اور کینیا سمیت مختلف بین الاقوامی ٹیموں کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں، وہ اس وقت پی ایس ایل کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔