ویب ڈیسک: امریکا کے ڈیموکریٹک رکن کانگریس ایڈورڈ کیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کے دوران امریکا کو بھاری فضائی نقصان اٹھانا پڑا اور 39 طیارے تباہ ہوئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈورڈ کیس نے سینیٹ کمیٹی کی ایک خصوصی سماعت کے دوران پینٹاگون کے چیف فنانشل آفیسر جے ہرسٹ سے جنگی نقصانات پر سوالات کیے، تاہم پینٹاگون حکام نے متعدد سوالات کے واضح جواب نہیں دیے۔
کانگریس رکن نے اپنے مؤقف کے لیے امریکی دفاعی ویب سائٹ The War Zone کی رپورٹ کا حوالہ دیا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ 39 روزہ جنگ کے دوران امریکی فضائیہ نے 13 ہزار سے زائد پروازیں کیں، جبکہ اس دوران 39 طیارے تباہ اور 10 دیگر کو نقصان پہنچا۔
رپورٹ کے مطابق تباہ ہونے والے طیاروں میں 24 MQ-9 Reaper ڈرونز، 4 F-15E Strike Eagle لڑاکا طیارے اور ایک A-10 Warthog شامل تھے۔
ویب سائٹ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایران کی فضائی حدود میں ایک F-35A Lightning II طیارے کو بھی نشانہ بنایا گیا، جو ففتھ جنریشن فائٹر جیٹ کی تباہی کا پہلا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اس کا پائلٹ محفوظ رہا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بعض امریکی عسکری اثاثے ایران کے قبضے سے بچانے کے لیے خود تباہ کیے گئے، جبکہ قیمتی E-3G Sentry طیارے کی تباہی کو امریکا کے لیے بڑا نقصان قرار دیا گیا۔