ویب ڈیسک: صدر پاکستان آصف علی زرداری نے سابق کپتان شاہد آفریدی کو کھیل کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے پر ہلال امتیاز سے نواز دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایوان صدر اسلام آباد میں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں میں تقسیم سول اعزازات کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اعلیٰ سرکاری و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
صدر مملکت نے جمہوریت کیلئے گرانقدر خدمات پر نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کو نشان امتیاز کے ایوارڈ سے نوازا۔ نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کا ایوارڈ ان کے صاحبزادے نوابزادہ افتخار احمد نے وصول کیا۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق سینیٹر عرفان صدیقی مرحوم کو ادب اور خدمات عامہ کے شعبے میں نمایاں خدمات ادا کرنے پر نشان امتیاز سے نوازا گیا۔ اُن کا ایوارڈ اُن کے صاحبزادے عمران خاور صدیقی نے وصول کیا۔
غیر معمولی بہادری کے اعتراف میں سپاہی اظہر محمود کو ہلال شجاعت کا ایوارڈ دیا گیا۔