ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ کےپی علی امین گنڈاپور نے واضح کیا ہے کہ احتجاج کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ ہر صورت میں اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی جانب سے 24نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دیے جانے کے بعد اب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ ہو گا اور مطالبات کی منظوری تک واپسی نہیں ہو گی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ احتجاج کی تمام تر تیاریاں مکمل ہیں، علیمہ خان نے تاریخ کا اعلان کردیا ہے، جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے واپسی نہیں ہوگی۔
قبل ازیں علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان نے پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور تمام پاکستانیوں کو فائنل احتجاج میں شامل ہونے کی کال دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملک میں بدترین مارشل لاء لگ چکا ہے۔ فیصلہ عوام کو کرنا ہے کہ ان کو اب کس طرح رہنا ہے۔
اس کے ساتھ ہی علیمہ خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد کی جانب احتجاج کی کال کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ ملک بھر سے کارکن اسلام آباد ڈی چوک پہنچیں۔ علی امین گنڈاپور بھی خیبرپختونخوا سے کارکنوں کیساتھ ڈی چوک پہنچیں گے۔
عمران خان کی جانب سے اعلان کے بعد پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کی جانب سے سوشل میڈیا پر پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے لکھا کہ کیا آپ 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کے لیے تیار ہیں؟
پی ٹی آئی آفیشل اکاؤنٹ سے تصویر شیئر گئی۔ جس کی کیپشن میں لکھا ہے کہ کراچی میں بھی فائنل کال عوامی موبلائزیشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ یہ مہم کراچی سے سندھ تک تمام عوام تک پہنچائی جائے گی۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا: پاکستانیوں 24 نومبر کیلئے تیار ہوجاؤ۔ خان بلا رہا ہے۔
ایمان طاہر نے لکھا کہ فائنل کال کا مطلب ہے do or die تمام سیاسی قیادت اور ورکرز عمران خان کی رہائی کیلئے نکلیں لیکن اس سے بھی زیادہ ضروری ہے جو شعور عمران خان نے پاکستانی قوم کو دیا وہ یہ تقاضا کرتا ہے کہ سب لوگ ہمارے بزرگ،بھائی،مائیں،بہنیں بچے جوش و ولولے کیساتھ نکلیں وہی جذہی وہی شعور جسکا ثبوت آپ نے 8 فروری کو دیا، 24 نومبر کو نظر آنا چاہیے۔ آپ حق کیساتھ کھڑے ہیں آپ اس ملک کی اکثریت ہیں، کوئی دیوار کوئی رکاوٹ آپکا رستہ نہ روک پائے گی۔
اظہر مشوانی نے لکھا کہ عمران خان کا کسانوں، طلبا وطالبات، محنت کشوں،تاجروں،سول سوسائٹی، اساتذہ، وکلا، اوورسیز پاکستانیز،پارٹی کے ورکرز سمیت تمام پاکستانیوں کے نام پیغام:
نکلو پاکستان کی خاطر،نکلو اپنے حقوق کی خاطر!!!
اینکر پرسن مہربخاری نے ایکس پر ٹویٹ کرتے لکھا ’ عمران خان نے 24 نومبر کو احتجاج کی کال دے دی، فائنل کال
پی ٹی آئی کی سپورٹر طیبہ راجہ نے ٹویٹ کیا کہ ’ ایک بار سب کو یاد رکھنی ہے کیونکہ یہ فائنل کال ہے تو یہ ایک کے بعد ایک ہر لیڈ کرنے والے انسان کی گرفتاری کی کوشش کریں گے، ہم لانگ مارچ تک محفوظ رہنے کی پوری تیاری میں ہیں۔