ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی سری لنکن کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات تقریباً 90 منٹ تک جاری رہی، جس میں محسن نقوی نے سری لنکن ٹیم کو دورہ پاکستان جاری رکھنے پر قائل کر لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی نے ملاقات کے دوران سری لنکن کھلاڑیوں کے تمام تحفظات دور کیے اور ان کے ہر مسئلے کو بہترین انداز میں حل کیا۔ چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ خود ذاتی طور پر ٹیم کی سیکیورٹی کے تمام انتظامات کی نگرانی کریں گے۔
محسن نقوی نے سری لنکن کھلاڑیوں کی فیملیز کو بھی پاکستان آنے اور میچز دیکھنے کی دعوت دی، تاکہ وہ یہاں کے محفوظ اور خوشگوار ماحول کا خود تجربہ کر سکیں۔
واضح رہے کہ سری لنکن ٹیم کو پاکستان کے خلاف سیریز کے بقیہ دو ون ڈے میچز کھیلنے ہیں، جس کے بعد پاکستان میں سہ ملکی سیریز کا آغاز ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ کل راولپنڈی میں شیڈول ہے۔