ویب ڈیسک: سکیورٹی خدشات کے پیش نظر حکام نے گزشتہ روز کوئٹہ کنٹونمنٹ کے تمام اسکولز اور کالجز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 3 روز کیلئے امتحانات بھی ملتوی کردیئے گئے ہیں۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق، کوئٹہ گیریژن میں واقع تعلیمی ادارے 12 نومبر سے 16 نومبر تک بند رہیں گے۔ اس فیصلے کا مقصد طلبہ اور عملے کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
یہ بندش اس وقت سامنے آئی ہے جب بلوچستان میں 10 سے 16 نومبر تک انٹرنیٹ اور موبائل ڈیٹا سروسز معطل کی گئی ہیں۔ البتہ، اس فیصلے میں کوئٹہ شہر کو استثنا دیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کیا ہے اور صوبے کے دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
تاہم، شہریوں نے شکایت کی ہے کہ کوئٹہ کے کچھ علاقوں میں بھی موبائل اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط برتیں، سکیورٹی اداروں کی ہدایات پر عمل کریں، اور حالات سے متعلق تازہ معلومات کے لیے سرکاری ذرائع پر نظر رکھیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں سیکورٹی خدشات کے پیش نطر ریلوے سروسز، بس سروسز ،انٹرنیٹ سروسزبند ہیں
جبکہ اب تعلیمی ادارے بھی 3 روز کیلئے بند کرکے امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں، کلاس نہم اور دہم کے 13 نومبر کو ہونے والے امتحانات بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں، جن کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
انتظامیہ نے والدین اور طلبہ سے افواہوں پر دھیان نہ دینے اور درست معلومات کے لیے متعلقہ اداروں کے آفیشل ذرائع سے رجوع کرنے کی اپیل کی ہے۔