(ویب ڈیسک)ٹیکنالوجی کے عالمی ادارے مائیکروسافٹ کی مقبول ترین ای میل سروس آؤٹ لُک، میسجنگ پلیٹ فارم ٹیمز (Teams) اور اے آئی اسسٹنٹ کوپائلٹ (Copilot) کو جمعرات کے روز دنیا بھر میں شدید تکنیکی تعطل کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث کاروباری اوقات کے دوران لاکھوں صارفین اپنے اکاؤنٹس اور ای میلز تک رسائی سے محروم رہے۔
مائیکروسافٹ کے باضابطہ بیانات اور عالمی آؤٹیج ٹریکر 'ڈاؤن ڈیٹیکٹر' کے مطابق یہ تکنیکی خرابی محض ایک گھنٹے کے اندر عالمی سطح پر پھیل گئی، جس نے امریکا، یورپ، ایشیا اور افریقہ سمیت دنیا کے 74 ممالک اور خطوں میں مائیکروسافٹ 365 کی سروسز کو متاثر کیا۔
ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے اعداد و شمار کے مطابق صرف امریکا میں دوپہر ایک بجے کے قریب 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد صارفین نے آؤٹ لُک بند ہونے کی شکایات درج کرائیں، جبکہ شام 6 بجے تک شکایات کم ہو کر 37 ہزار تک آ گئیں۔
سائبر حملے کی تردید :
مائیکروسافٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' (X) پر جاری اپنے بیان میں واضح کیا کہ اس گھنٹوں طویل بندش کے پیچھے کسی بھی قسم کی "مذموم سرگرمی یا سائبر حملے کے شواہد نہیں ملے۔
کمپنی کے مطابق مختلف خطوں میں انفراسٹرکچر کے ایک حصے پر غیر معمولی بوجھ بڑھ جانے کے باعث کنیکٹیوٹی کے مسائل پیدا ہوئے۔
سروسز کی بحالی کے لیے مائیکروسافٹ نے تمام نئی اپ ڈیٹس اور ڈیپلائمنٹس کو فوری طور پر روک دیا، متاثرہ سرورز سے صارفین کی ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا اور متاثرہ سرورز کو ری اسٹارٹ کرنے کا عمل شروع کیا۔
کمپنی کے مطابق اضافی گنجائش بحال ہونے کے بعد صارفین کو سروس میں بتدریج بہتری اور بحالی محسوس ہونا شروع ہو گئی ہے۔