(ویب ڈیسک ) مائیکروسافٹ نے ایکسل کے صارفین کے لیے بڑی سہولت متعارف کرادی ہے، جس کے تحت اسپریڈ شیٹ سافٹ ویئر میں اب آرٹیفیشل انٹیلی جنس ( اے آئی) کا استعمال ممکن ہوگا۔
کمپنی نے اپنے اے آئی اسسٹنٹ " کوپائلٹ" کو ایکسل میں شامل کرتے ہوئے صارفین کو فارمولے لکھنے اور ڈیٹا تجزیے میں مزید سہولت فراہم کی ہے۔ اب صارف صرف ایکسل سیل میں سادہ کوپائلٹ کوڈ درج کر کے پیچیدہ فارمولوں کے نتائج آسانی سے حاصل کر سکتا ہے۔
مائیکروسافٹ کے مطابق یہ نیا فیچر فی الحال مائیکروسافٹ 365 کوپائلٹ بیٹا صارفین کے لیے جاری کیا گیا ہے، جسے جلد ونڈوز، میک اور ویب ورژنز میں بھی شامل کیا جائے گا۔
اس فیچر کے تحت صارفین نیچرل لینگوئج میں کوپائلٹ کو ہدایات دے سکیں گے، جیسے کسی اسپریڈشیٹ میں مخصوص ویلیوز یا نتائج حاصل کرنا۔ اس کے لیے سادہ فارمیٹ "=COPILOT(prompt_part1, [context1])" استعمال کیا جا سکتا ہے، جو کہ ایکسل میں کسی بھی سیل میں درج کرنے پر کوپائلٹ کو فعال کر دیتا ہے۔
یہ فیچر خاص طور پر اُن صارفین کے لیے مددگار ثابت ہوگا جو ایکسل کے ماہر نہیں ہیں لیکن ڈیٹا تجزیے، فارمولے بنانے یا رپورٹس تیار کرنے کے دوران سہولت چاہتے ہیں۔ اس ٹول سے پیچیدہ کام آسان ہو جائیں گے اور وقت کی بچت بھی ہوگی۔