ویب ڈیسک: قائد ایوان خیبرپختونخوا اسمبلی سہیل آفریدی نے اپنے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ واضح کردوں کہ عمران خان سے عشق کرتا ہوں۔ سب کو بتا دوں کہ میں احتجاجی سیاست کا چیمپئن ہوں۔ میرے پاس کھونے کے لیے کچھ نہیں، اس لیے کوئی ڈر نہیں۔ جس دن لیڈر نے کہا کہ کرسی چھوڑو، کرسی کو لات مار دوں گا۔
قائد ایوان منتخب ہونے کے بعد سہیل آفریدی کا کے پی اسمبلی کے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا میں بانی پی ٹی آئی کا مشکور ہوں کہ انہوں نے ایک ادنیٰ سے ورکر کو جس کا نا بھائی، نا باپ اور نا ہی چچا ہی سیاست میں ہے اسے اس عہدے کے لیے منتخب کیا، پرچی سے وزیر اعلیٰ نہیں بنا، محنت کر کے یہاں پہنچا ہوں، میں سب سے پہلے پاکستانی، پھر پختون اور قبائلی ہوں، نام کے ساتھ زرداری یا بھٹو لگنے سے کوئی لیڈر نہیں بن جاتا۔
انہوں نے کہا کہ میرا لیڈر میرا قائد پوری دنیا کا من پسند لیڈر ہے۔ آج ہمارے پورے قبائل خوش ہیں کہ میں وزیراعلٰی بنا۔ آج سب قبائل بانی کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سیاسی تقسیم، فرقہ واریت، نفرت یہ سب ہم نے اس ملک سے ختم کرنا ہے۔ ہمارہ لیڈر پیسوں والوں کو موقع نہیں دیتا ، محنت کرنے والوں کو موقع دیتا ہے۔ ہماری سب سے بڑی اسٹیبلشمنٹ ہماری سوشل میڈیا ہے۔ میں میڈیا کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جو حق و سچ کے ساتھ کھڑے رہے۔ میں پاکستان کے سب سے بڑے صحافی شہید ارشد شریف کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ علی امین نے جس وقار کے ساتھ استعفیٰ دیا اس پر سلام پیش کرتا ہوں۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ میں بانی سے سیاست نہیں عشق کرتا ہوں۔ سب کو بتا دوں کہ میں احتجاجی سیاست کا چیمپئن ہوں۔ میرے پاس کھونے کے لیے کچھ نہیں، اس لیے کوئی ڈر نہیں۔ جس دن لیڈر نے کہا کہ کرسی چھوڑو، کرسی کو لات ماروں گا۔