علی امین ان کی لاج رکھ رہا ہے بول نہیں رہا، عمران خان

علی امین ان کی لاج رکھ رہا ہے بول نہیں رہا، عمران خان
کیپشن: علی امین ان کی لاج رکھ رہا ہے بول نہیں رہا، عمران خان

ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ علی امین کے افغانستان سے مذاکرات کے بیان کی تائید کرتا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کی افغانستان سے بات چیت اور امن قائم کرنے کی کوشش کی تائید کرتا ہوں ان کو جاکر علی امین کے پاؤں پکڑنے چاہئیں اور کہنا چاہیے خدا کا واسطہ ہے افغانستان سے جاکر بات کرو۔

انہوں ںے کہا کہ وزارت خارجہ کے مینڈیٹ کو چھوڑیں وہ دہشت گردی ختم کرنے کی بات کر رہا ہے یہ احمقانہ بیان دے رہے ہیں۔ علی امین بالکل ٹھیک بات کر رہا ہے وفاق کراس بارڈر دہشت گردی کی بات کر رہا ہے لیکن کچھ کر بھی نہیں رہا اگر دہشت گردی ختم نہ ہوئی تو ہماری ’’اکانومی چوک‘‘ کر جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کراس بارڈر دہشت گردی روکنا وفاق کا کام ہے علی امین نے کون سی غلط بات کی؟ کے پی میں حالات خراب ہیں پولیس والے خود کو بچا رہے ہیں۔کے پی میں پولیس کا معاملہ بغاوت تک پہنچ چکا ہے ڈنڈا لے کر ملک سمیت سب کچھ ٹھیک کرنے کی فکر کرنے والے کو کہتا ہوں آپریشن مسئلے کا حل نہیں۔

عمران خان نے کہا کہ کسی بھی ایکسٹینشن کا ساتھ نہ دینے کا مولانا فضل الرحمان کا بیان قابل ستائش ہے، علی امین غائب ہوا کسی کو نہیں پتہ کدھر گیا تھا وہ ان کی لاج رکھ رہا ہے بول نہیں رہا، 8ستمبر کے جلسے پر اسٹیبلشمنٹ نے مجھے دھوکا دیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جیل میں چڑیا پر نہیں مار سکتی،اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر اعظم سواتی اور بیرسٹر گوہر صبح 7 بجے جیل آئے۔اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے ہی 8 ستمبر کی تاریخ دی گئی اور کہاگیا کہ تمام سہولیات دی جائیں گی. 8ستمبر کو جو ہمارے ساتھ ہوا اس سے بڑا دھوکہ اور کیا ہوگا۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے پہلے ڈنڈوں سے سپریم کورٹ پر حملہ کیا اب توسیع دیکر حملہ آور ہونے جا رہے ہیں،قاضی فائز عیسیٰ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور انتخابی دھاندلیوں کو تحفظ دے رہا ہے،اسی کے انعام میں قاضی فائز عیسیٰ کو توسیع دینے کی کوشش ہو رہی ہے،جب آپ عدلیہ پر حاوی ہوں گے تو ملک تباہ ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سنگاپور میں 140 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، پاکستان میں ایک ارب ڈالر سے بھی کم سرمایہ کاری آئی، سرمایہ کاری وہاں اتی ہے جہاں قانون کی بالادستی ہوتی ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ججز کو دھمکیاں مل رہی ہیں،عدالتی نظام کو تباہ کیا جا رہا ہے،بیرون ملک مقیم ایک کروڑ پاکستانی پاکستان کا مستقبل ہیں،بیرون ملک مقیم پاکستانی ہی پاکستان کو بچا سکتے ہیں۔آئی ایم ایف سے تب آزاد ہوں گے جب بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک میں سرمایہ کاری کریں گے۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کو اسٹیبلشمنٹ کے لوگوں نے غائب کیا کسی کو نہیں پتہ تھا کہ وہ کہاں گیا، سب کو پتہ ہے کہ اس ملک میں کون لوگوں کو اٹھاتا ہے، علی امین گنڈاپور لاج رکھ رہا ہے بول نہیں رہا، واحد فیڈرل پارٹی ہیں جو ملک کو اکٹھا رکھ سکتے ہیں، شہباز شریف کو وزیراعظم کہنے کا کوئی فائدہ نہیں وہ ہر چیز کے لیے این او سی لیتا ہے کیا پتہ کل اس کو بھی غائب کر دیں۔

سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ڈیڑھ سال سے توشہ خانہ کا کیس سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر نہیں ہو رہا، 3 مرتبہ جلد سماعت کی درخواست دے چکے ہیں مگر اس کے باوجود سماعت نہیں ہوئی، سپریم کورٹ اگر توشہ خانہ کے کیس کو سن لے تو باقی توشہ خانہ کے سارے کیسز ختم ہو جائیں گے، الیکشن کمیشن کے کیسز تو ایک دم سماعت کے لیے مقرر کر دیے جاتے ہیں، سکندر سلطان گیند پھینکتا ہے ایک سلپ میں قاضی فائز عیسیٰ کھڑا ہے تو دوسری سلپ میں عامر فاروق ہمارے ساتھ تو یہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور حکومت میں پرویز خٹک کو افغانستان بھیجا تھا، علی امین گنڈا پور کے مؤقف کی حمایت کرتا ہوں وہ بالکل ٹھیک کہہ رہا ہے۔

Watch Live Public News