ویب ڈیسک: 10اور 13 ستمبر کو خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیوں میں بھارتی سپانسرڈ 35 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کیجانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خارجی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر باجوڑ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران خارجی دہشت گردوں کے ٹھکانے کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ سیکیورٹی فورسز اور خارجی دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ باجوڑ میں ہونے والی کارروائی میں 22 دہشت گرد مارے گئے۔جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی دوسری کارروائی میں 13 مزید خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 12 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔شہداء نے بہادری سے لڑتے ہوئے مادرِ وطن پر جان نچھاور کی۔ہلاک خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ بھارتی سرپرست خوارج ان علاقوں میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس رپورٹس میں افغان شہریوں کی دہشت گرد کارروائیوں میں براہِ راست شمولیت کی تصدیق ہوئی ہے۔افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال سنگین تشویش کا باعث ہے۔پاکستان نے عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کیا کہ اپنی سرزمین کا دہشت گردی کیلئے استعمال روکے۔علاقوں میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔بھارتی سرپرست دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہیں گے۔جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہماری قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین:
وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع باجوڑ اور ضلع جنوبی وزیرستان میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف دو مختلف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے ان آپریشنز میں فتنتہ الخوارج کے 35 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی کی۔
وزیراعظم نے ضلع جنوبی وزیرستان کے آپریشن میں دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے 12 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے شہداء کی بلندیء درجات کیلئے دعاء کی جبکہ شہداء کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے ۔ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں ۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف آپریشنز میں فتنہ الخوارج کے 35 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی ہے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت آپریشنز کرکے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے جنوبی وزیرستان میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 12 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔
اپنے بیان میں وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کےخلاف ہمارے مضبوط عزم کی عکاس ہیں۔ امن کےلئے وطن پر جانیں نچھاور کرنے والے شہداء ہمارا فخر ہیں۔ قوم شہداء کے خاندانوں کا قرض کبھی نہیں اتار سکتی۔