ویب ڈیسک: ایپل نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ اس کا نیا موبائل آپریٹنگ سسٹم ’آئی او ایس 26‘ ریلیز کردیا گیا ہے، یہ اپ ڈیٹ بیک وقت واچ او ایس 26، میک او ایس ٹاہو، آئی پیڈ او ایس 26 اور وژن او ایس 26 کے ساتھ دستیاب ہوگا۔
ایپل کمپنی کے مطابق عام صارفین کے لیے 15 ستمبر کو جاری کیا جائے گا، ماہرین کا کہنا ہے کہ ریلیز کے روز غیر معمولی سرور ٹریفک کی وجہ سے بعض صارفین کو اپ ڈیٹ ڈاؤن لوڈ کرنے میں تاخیر کا سامنا ہوسکتا ہے۔
اس نئے آپریٹنگ سسٹم کی سب سے نمایاں جھلک اس کا جدید ’لیکویڈ گلاس‘ ڈیزائن ہے جو شفاف اور گلاس نما عناصر، گول کنارے والے مینو اور پاپ آؤٹ نیویگیشن متعارف کرواتا ہے، کچھ نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا ہے کہ شفافیت اور کمزور کنٹراسٹ کی وجہ سے اسکرین پر متن پڑھنے میں دشواری ہوسکتی ہے۔
ایپل نے اس اپ ڈیٹ میں کئی نئے فیچرز بھی شامل کیے ہیں جن میں براہِ راست ترجمے کی سہولت ’لائیو ٹرانسلیشن‘، متحرک لاک اسکرین آپشنز، کسٹم سنوز دورانیے، ایک ہاتھ سے کیمرہ چلانے کا موڈ، فون ایپ کا نیا ڈیزائن، میسیجز میں پولز اور بیک گراؤنڈ کی تخصیص، اور ایپل گیمز کا نیا تجربہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ وژول انٹیلیجنس اور دیگر چھوٹی مگر اہم تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔
کمپنی کے مطابق یہ اپ ڈیٹ آئی فون 11 یا بعد کے ماڈلز پر دستیاب ہوگا، جب کہ واچ او ایس 26 ایپل واچ سیریز 6، ایس ای 2 اور الٹرا ماڈلز کے لیے ریلیز کیا جائے گا۔ میک او ایس ٹاہو ایپل سیلیکون میکس 2020 یا بعد اور کچھ منتخب 2019 پلس انٹیل ماڈلز پر انسٹال ہوسکے گا۔
کمپنی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ اپ ڈیٹ انسٹال کرنے کے لیے اپنے آئی فون میں سیٹنگز کے جنرل سیکشن میں جاکر سافٹ ویئر اپ ڈیٹ چیک کریں۔ البتہ بعض فیچرز زبان یا خطے کی بنیاد پر فوری طور پر دستیاب نہیں ہوں گے۔