ویب ڈیسک: لوئر دیر کے علاقے لال قلعہ میدان میں سکیورٹی فورسز کا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، بھارتی ایما پر سرگرم "فتنہ الخوارج" کے 10 دہشتگرد ہلاک کردیے، آپریشن کے دوران 7 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں نائیک عبدالجلیل، نائیک گل جان، لانس نائیک عظمت اللہ، سپاہی عبدالمالک، محمد امجد، محمد داؤد اور فضل قیوم شامل ہے جو مادرِ وطن پر قربان ہوئے۔
سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر قلعہ میدان کے علاقے میں کارروائی کی, سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا، سیکیورٹی فورسز اور خارجی دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
بھارتی حمایت یافتہ خوارج نے عام شہریوں کو یرغمال بنایا ہوا تھا، شہداء نے شہریوں کی جان بچاتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں۔
افغان شہریوں نے دہشتگردی میں براہ راست مداخلت کی تصدیق کی، پاکستان نے افغان عبوری حکومت سے دہشتگردوں کی پشت پناہی بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز بھارتی پشت پناہی سے ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
شہید ہونے والوں میں نائک عبدالجلیل کی عمر 39 برس تعلق شمالی وزیرستان سے تھا ، نائیک گل جان کی عمر 38 برس تعلق لکی مروت سے تھا۔
لانس نائیک عظمت اللہ کی عمر 28 سال تعلق لکی مروت سے تھا ، سپاہی عبدالمالک کی عمر 28 سال تعلق خیبر سے تھا۔
سپاہی محمد امجد کی عمر 27 سال اور تعلق ضلع مالاکنڈ سے تھا، سپاہی محمد داؤد کی عمر 28 سال تعلق صوابی سے تھا اور سپاہی فضل قیوم کی عمر 21 برس تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا۔