(ویب ڈیسک ) میڈیا رپورٹس کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے پیشِ نظر حکومت نے مہنگائی سے متاثرہ موٹر سائیکل سواروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر سنجیدگی سے غور شروع کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سامنے آنے والی مجوزہ تجویز کے مطابق ابتدائی طور پر 3 ماہ کے لیے ہر موٹر سائیکل سوار کو ماہانہ 2 ہزار روپے دینے کی تجویز زیرِ غور ہے، جس پر وزیراعظم کی ہدایت کے بعد وزارتِ پیٹرولیم اور وزارتِ خزانہ نے باضابطہ کام کا آغاز کر دیا ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ ریلیف شہریوں کو ایک مخصوص فیول ایپ کے ذریعے فراہم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اندازے کے مطابق اس 2 ہزار روپے ماہانہ کے ریلیف سے تقریباً 5 لیٹر پیٹرول خریدا جا سکے گا۔
تاہم وزارتِ خزانہ نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سخت شرائط کے پیشِ نظر پیٹرولیم لیوی کم کرنے کی تجویز یکسر مسترد کر دی ہے، جبکہ 430 ارب روپے کے ہنگامی فنڈ سے اس مد میں رقم استعمال کرنے کی تجویز کو بھی مسترد کر دیا گیا ہے۔