ویب ڈیسک: محکمہ انسدادِ دہشت گردی ( سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس اطلاع پر 189 ٹارگٹڈ آپریشنز انجام دیے، جن کے دوران 10 انتہائی خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی کے ترجمان کا کہناہے کہ کارروائیاں لاہور، بہاولپور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور جہلم سمیت مختلف شہروں میں کی گئیں۔ راولپنڈی سے گرفتار ہونے والے دو اہم ملزمان، بادل سنگھ اور سورج سنگھ کا تعلق ننکانہ صاحب سے بتایا گیا ہے۔
کارروائی کے دوران گرفتار افراد کے قبضے سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد، 16 ڈیٹونیٹرز، 38 فٹ لمبی حفاظتی فیوز تار، پرائمہ کارڈز، اشتعال انگیز مواد اور نقدی بھی برآمد کی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد صوبے کے مختلف مقامات پر دہشت گردی کی کارروائیاں کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ صرف ایک ہفتے کے دوران 2053 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جن میں 82 ہزار سے زائد افراد سے تفتیش کی گئی اور 263 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ "محفوظ پنجاب" کا ہدف حاصل کرنے کے لیے دہشت گردی کے تمام نیٹ ورکس کے خاتمے پر کام جاری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کے لیے پنجاب کی سرزمین غیر محفوظ بنا دی جائے گی۔