ویب ڈیسک: بنگلہ دیش نے اپنے پاسپورٹس پر دوبارہ ایک خاص عبارت شامل کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ پاسپورٹس "سوائے اسرائیل کے تمام ممالک کے لیے کارآمد" ہیں۔ اس اقدام کے ذریعے اسرائیل کا سفر بنگلہ دیشی شہریوں کے لیے مؤثر طور پر ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ ایک سرکاری ہدایت کے تحت کیا گیا، جس کی تصدیق مقامی میڈیا نے کی ہے۔
بنگلہ دیش ایک مسلم اکثریتی ملک ہے جو اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا۔ یہاں اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا معاملہ ہمیشہ سے حساس رہا ہے۔ بنگلہ دیشی پاسپورٹس پر یہ عبارت پاکستان سے علیحدگی سے قبل کئی دہائیوں تک موجود رہی، تاہم سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے دورِ حکومت کے آخری برسوں میں اسے ہٹا دیا گیا تھا۔
بنگلہ دیشی خبر رساں ادارے ”بی ایس ایس“ سے گفتگو کرتے ہوئے وزارت داخلہ کی نائب سیکریٹری نیلیما افروز نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے حکام نے پاسپورٹس پر دوبارہ یہ عبارت شامل کرنے کی ہدایت جاری کی۔

انہوں نے بتایا کہ ’امیگریشن اور پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل کو اس فیصلے پر عملدرآمد کے لیے ضروری اقدامات کرنے کو کہا گیا ہے۔‘
مقامی اخبار ”ڈیلی اسٹار“ کے مطابق یہ اقدام بنگلہ دیش کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات نہ ہونے کی پالیسی کے تسلسل کا حصہ ہے، اور عوامی جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔