پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی ملی جوش و جذبے کیساتھ منائی جا رہی ہے

پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی ملی جوش و جذبے کیساتھ منائی جا رہی ہے
مادر وطن کی ڈائمنڈ جوبلی ملی جوش و جذبے کیساتھ منائی جا رہی ہے، یوم آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر قوم آج اپنی یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔ دن کے آغاز پر اکیس توپوں کی سلامی دی گئی اس موقع پر فضا نعرہ تکبیر سے گونج اٹھی۔ نماز فجر میں ملک کی ترقی، خوشحالی، امن اور یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ جشن آزادی کی مناسبت سے مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھال لیے، دوسری جانب مزار اقبال پر ہونے والی تقریب میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے پنجاب رینجرز سے لیکر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے ہیں۔ اس سے قبل رات گئے تک ملک کے مختلف شہروں میں ملی نغموں،آتش بازی اور سبز ہلالی پرچموں کے ساتھ یوم آزادی کا آغاز ہوا تھا۔ملک کی ڈائمنڈ جوبلی کی خوشی میں منچلوں نے رقص بھی کیا۔ اسلام آباد، کراچی، لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد، پشاور، حیدرآباد اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں یوم آزادی شروع ہوتے ہی آسمان پر رنگ ونور کی برسات ہوئی۔ نوجوان سبز ہلالی پرچم اور جھنڈیاں لیے سڑکوں پر نکل آئے۔ چوک، چوراہوں، گلیوں اور شاہراہوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا جبکہ سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔